میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اسراراللہ ریٹائیر ہوگئے

چترال(زیل نمائندہ) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اسر اراللہ آج ساٹھ سال ملازمت پورا کرنے کے بعد ملازمت سے سبکدوش ہوگئے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کے دفتر میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں ہسپتال کے ڈاکٹروں اور عملہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ساتھی ڈاکٹروں نے ان کی خدمات کو سراہا کہ وہ نہایت سادہ لوح انسان تھے اور کبھی کسی کو نقصان نہیں پہنچایا۔ انہوں نے بطور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بھی خدمات سرانجام دئیے اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال دروش میں بھی ایم ایس تعینات تھے اس کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال میں بطور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بھی گراں قدر خدمات انجام دئیے۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چلڈرن اسپیشلسٹ ڈاکٹر گلزار احمد نے بھی ان کی خدمات کو سراہا کہ انہوں نے چلڈرن اینڈ ویمن ہسپتال میں ایک وارڈ کا اضافہ بھی کیا اور ہمیشہ مریضوں کے ساتھ ساتھ اپنے سٹاف کا بھی خیال رکھا۔

ڈسٹرکٹ میڈیکل اسپیشلسٹ ڈاکٹر رکن الدین نے بھی ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اسرا ر اللہ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اس موقع پر سبکدوش ہونے والے ڈاکٹر اسرا رللہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوران ملازمت میں نے کئی ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کروائی اور چند یونٹ ایسے ہیں کہ وہ ابھی تک ویسے پڑے ہیں باوجود یہ کہ میں نے اس کیلئے بہت کوشش کی انہوں نے کہا کہ اگر سرکاری فرائض انجام دیتے ہوئے میں نے کسی کی دل آزاری کی ہو تو اسکے لئے معذرت خواہ ہوں۔ بعد میں تمام عملہ نے ان کے ساتھ گلے ملاکر رخصت کیا۔

Zeal Mobile Reporter
Share This