امراض قلب کے حوالے سے چترال میں سمینارکا انعقاد

چترال (زیل نمائندہ ) راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایگزیکٹیو ڈائرکٹر میجر جنرل (ریٹائرڈ ) اظہر محمود کیانی نے ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد علی سودھر کی دعوت پر ٹاؤن ہال میں امراض قلب کے بارے میں ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے چترال میں امراض قلب کی بڑھتی ہوئی شرح کے اسباب بیان کیے اور دل کی بیماریوں سے دور رہنے کی احتیاطی تدابیر کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے خون کی شریانوں کے بند ہونے کی وجہ سے دوران خون کے متاثر ہونے کے نتیجے میں لاحق ہونے والی امراض (آئی ایچ ڈی) کو جہاں مہلک قرار دیا وہاں اسے انتہائی آسانی سے قابل علاج ہونے کی نوید بھی سنائی اور روزمرہ زندگی میں ان اقدامات پر روشنی ڈالی جن پر عمل پیر ا ہوکر صحت مند زندگی گزاری جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرہیز اور لائف اسٹائل میں مناسب تبدیلی سے امراض قلب سے با آسانی بچا جاسکتا ہے جبکہ اپنے جسم میں کولیسٹرول لیول سے وقتاً فوقتاً آگہی حاصل کرنے کو بھی لازمی قرار دیا۔ انہوں نے چکناہٹ سے بھرپور غذا، فاسٹ فوڈ ، کولڈ ڈرنک، سگریٹ نوشی کو دل کے امراض کے اسباب قرار دئیے۔ اظہر محمود کیانی نےمتوازن اور مسائل و پریشانیوں سے آزاد زندگی گزار نے کے لیے اپنی خواہشات کو قابو میں رکھنے، محنت کو اپنا شعار بناکر اللہ پاک پر مکمل بھروسہ رکھنے ، ورزش یا پیدل چلنے کو روزانہ کے معمولات میں شامل کرنے اور پوری طرح نیند کرنے کے ساتھ اللہ پاک کی یاد کو دل میں سجائے رکھنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر اسرار اللہ نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے مشوروں کو انتہائی مفید قرار دیا اور اس سیمینا ر کا اہتمام کرنے پر ڈی سی چترال ارشاد علی سودھر کی کاوش کو سراہا۔

زیل نیوز میں شائع مضامین اور کمنٹس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں
65040cookie-checkامراض قلب کے حوالے سے چترال میں سمینارکا انعقاد

کالم نگار/رپورٹر : ارشاد اللہ

Share This